آسٹریلیا میں طوفانی بارشوں سے سیلاب آگیا، شہریوں کو انخلا کا حکم

Published On 21 March,2021 12:41 pm

سڈنی: (دنیا نیوز) آسٹریلیا کے مشرقی علاقوں میں طوفانی بارشوں سے سیلاب آ گیا، متاثرہ علاقوں سے انخلا کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔

متاثرہ علاقوں سے سیکڑوں خاندان سڈنی کے قریب کیمپوں میں منتقل ہو گئے، امدادی کارکنوں نے پانی میں پھنسے درجنوں افراد کو ریسکیو کیا، طوفانی بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب سے متعدد ڈیمز اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی۔ ایمرجنسی سروسز کومتاثرہ علاقوں سے مدد کیلئے مسلسل درخواستیں موصول ہو رہی ہیں جس کے بعد موٹر بوٹس سمیت مزید ضروری سامان سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچا دیا گیا۔

نیو ساوتھ ویلز کی پریمئر گلیڈیز برجکلیان نے کہا کہ علاقے میں 100 سال میں ایسا سیلاب دیکھا گیا جس کے بعد متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔
مقامی محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی سڈنی میں طوفانی بارشوں میں مزید شدت کا امکان ہے جس سے سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ علاقے میں سیلاب کے سبب کورونا ویکسین دینے کا عمل بھی متاثر ہوا ہے۔