زمبابوے کا فوجی ہیلی کاپٹر گھر پر گر گیا، بچے سمیت 4 افراد ہلاک

Published On 24 April,2021 04:22 pm

ہرارے: (ویب ڈیسک) زمبابوے سے ایک افسوسناک خبر آئی ہے جہاں پر دارالحکومت ہرارے میں عسکری ہیلی کاپٹر پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر گیا جس کے نتیجے میں 3 مسافر اہلکار اور گھر میں موجود ایک بچہ زندگی کی بازی ہار گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطبق زمبابوے نے فوجی ہیلی کاپٹر نے دو پائلٹ اور ایک ٹیکنیشن کے ساتھ معمول کی تربیتی پرواز بھری تھی جسکے کچھ ہی دیر بعد ہیلی کاپٹر کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا جس پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔

ریسکیو اداروں کو شہریوں کی جانب سے کال موصول ہوئی جس میں ہیلی کاپٹر کے ہچکولے کھاتے ہوئے ایک گھر پر گرنے کی اطلا ع دی گئی تھی۔ سرچ آپریشن کے اہلکار مذکورہ مکان پر پہنچے جہاں ہیلی کاپٹر کو آگ لگی ہوئی تھی، ہیلی کاپٹر سے 3 اہلکاروں کی لاشوں کو نکالا گیا جب کہ گھر میں موجود ایک کمسن بچہ بھی ہلاک ہوگیا۔

زمبابوے عالمی پابندیوں کے باعث اپنی فضائیہ کے لیے نئے ہیلی کاپٹر نہیں خرید سکتا اس لیے پرانے اور بوسیدہ ہیلی کاپٹرز بیڑے کا حصہ ہیں اور ایسے حادثات عام ہیں۔