نیو یارک: (دنیا نیوز) امریکا میں ماحولیاتی کانفرنس کا آغاز ہوگیا، کانفرنس میں 40 ممالک کے سربراہان مملکت نے آن لائن شرکت کی، صدر جوبائیڈن نے 2030ء تک کاربن اخراج کو آدھا کرنے کا اعلان کیا، چین نے 2060ء تک گرین ہاؤس گیسز کے اخراج پر مکمل قابو پانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
امریکا میں دو روزہ ماحولیاتی کانفرنس کا آغاز ہو گا، کانفرنس سے روس اور چین سمیت 40 ممالک کے سربراہان مملکت نے ورچوئل شرکت کی۔
افتتاحی خطاب میں صدر جوبائیڈن نے امریکا کے لئے نئے ماحولیاتی اہداف کا اعلان کیا، واشنگٹن سال 2005ء کے مقابلے میں 2030ء تک کاربن گیسزکے اخراج میں 50 سے 52 فیصد کمی لائے گا۔
چینی صدر شی جنگ پنگ نے 2060ء تک کاربن کے اخراج کو صفر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چین 2026ء سے 2030ء کے درمیانی عرصے میں کوئلے پر انحصار کم کرے گا۔
غیر ملکی میڈای کے مطابق برازیل اور جنوبی کوریا کے صدور نے 2050ء تک ملک سے گرین ہاؤس گیسز کے اخراج کو صفر کرنے کا عہد کیا۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے گیسز کے اخراج میں کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے فضا میں پہلے ہی موجود کاربن ڈائی آکسائڈ کو جذب کرنے کے لئے اقدامات کا مطالبہ کیا۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے سمٹ کو گیم چینجر قرار دے دیا۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے 2030ء تک ماحول کے لئے مضر گیسوں کا اخراج 50 فیصدتک کم کرنے کا اعلان کیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ترکی کا عالمی ماحولیاتی آلودگی میں تاریخی طور پر کوئی حصہ نہیں رہا۔
جاپا ن نے 2030ء تک کاربن گیسز کے اخراج میں 46 فیصد جبکہ کینیڈا نے 40 سے 45 فیصد کمی کا ہدف مقرر کیا۔ بنگلادیش اور بھارت کے سربراہان مملکت نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔
امریکا میں ماحولیاتی کارکنان نے جو بائیڈن کے ماحولیاتی اہداف کو ناکافی قرار دیتے ہوئے احتجاج کیا۔ اور وائٹ ہاؤس کے سامنے گائے کا گوبر ڈال دیا۔