کمپالا: (ویب ڈیسک) افریقی ملک یوگنڈا کے وزیر ٹرانسپورٹ کی گاڑی پر نامعلوم حملہ آوروں نے حملہ کرکے ان کی بیٹی اور ڈرائیور کو ہلاک کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ وزیر کُٹمبا وامالا ملکی فوج کے سابق کمانڈر ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں پیش آیا۔ یوگینڈا کے وزیر ٹرانسپورٹ جنرل کُٹمبا وامالا اپنے اہلخانہ کے ہمراہ جا رہے تھے کہ اچانک موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
اس حملے میں وزیر کُٹمبا وامالا شدید زخمی ہوئے جبکہ ان کی صاحبزادی اور ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ یوگینڈا فوج کے بریگیڈیئر فلاویہ بائیکاوسو نے اس افسوسناک واقعے کے بارے میں میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا کہ وزیر کُٹمبا وامالا گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے ہیں، انھیں طبی امداد کیلئے بسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر گردش کر رہی ہے جس میں یوگینڈا کے وزیر کٹمبا حملے میں تباہ ہونے والی گاڑی کے باہر پریشان اور زخمی حالت میں کھڑے ہیں۔