امریکا نے 2020 میں جنگ زدہ علاقوں میں 23 شہری ہلاکتوں کا اعتراف کر لیا

Published On 03 June,2021 09:21 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے 2020 میں جنگ زدہ علاقوں میں 23 شہریوں کی ہلاکت کا اعتراف کر لیا۔ بین الاقوامی اداروں نے ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ بتائی ہے۔

پینتاگون کی سالانہ رپورٹ جاری، امریکا نے 2020 میں جنگ زدہ علاقوں میں 23 شہری ہلاکتوں کا اعتراف کیا ہے، امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون نے ہلاکتوں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ شہری اموات عراق، افغانستان، نائیجریا، صومالیہ اور یمن میں ہوئیں، ان ممالک میں دس شہری زخمی بھی ہوئے۔

پینٹاگون کے مطابق 2020 میں امریکی کارروائیوں میں 20 افغان شہری مارے گئے، ایک شہری نائیجریا، ایک صومالیہ اور ایک عراق میں ہلاک ہوا۔ پینٹاگون نے ان اموات کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ شہری اموات جنگی مشنز کے دوران غیرارادی طور پر ہوئیں۔ امریکی کانگریس نے 30 لاکھ ڈالر ہلاک شدہ افراد کے خاندانوں کے لیے مختص کئے جو پینٹاگون نے ابھی تک متاثرہ خاندانوں تک نہیں پہنچائے۔

انسانی حقوق کے اداروں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور اقوام ِمتحدہ کے ذیلی اداروں کی رپورٹس کے مطابق جنگ زدہ علاقوں میں امریکی کارروائیوں میں شہری اموات کی تعداد اس سے 5 گناہ زیادہ ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 2020 میں امریکی فوج کے حملوں میں کم ازکم 102شہری مارے گئے۔