ہیٹی میں زلزلے سے اموات کی تعداد 304 ہوگئی، آفٹرشاکس کا سلسلہ جاری

Published On 15 August,2021 04:40 pm

پورٹ اوپرنس: (دنیا نیوز) ہیٹی میں 7.2 درجے شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 304 تک ہو گئی جبکہ 1800 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ہیٹی کے سول پروٹیکشن کے ڈائریکٹر جیری چاندلر نے بتایا کہ جنوبی شہروں لیس کیز اور جیرمی کو آپس میں ملانے والی قومی شاہراہ سیون میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بندہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی کو بحال کرنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہے۔

زلزلے کا مرکز دارالحکومت پورٹ او پرنس سے تقریباً 150 کلومیٹر مغرب میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا ، یہ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کےجھٹکےکیوبا اور جمیکا میں بھی محسوس کےگئے۔

ترجمان امریکی ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث کئی شاہراہوں، عمارتوں اور کھڑی فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

ہیٹی کے وزیراعظم ایریل ہینری نے زلزلے سے نقصان کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے تاکہ متاثرین کی بروقت مدد کی جائے۔

وزیراعظم ایریل ہینری نے ایک مہینے کی ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک نقصانات کا صیح اندازہ نہیں لگایا جاتا وہ بین الاقوامی امداد کی اپیل نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ قصبے مکمل طور پر ملیا میٹ ہو گئے ہیں۔زلزلے کے بعدسے آفٹرشاکس کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
 

Advertisement