'افغانستان سے فوج نکالنا ناکامی نہیں، کسی بھی امریکی کو افغانستان میں نہیں چھوڑیں گے'

Published On 19 August,2021 09:29 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ افغانستان سے فوج نکالنا ناکامی نہیں، کسی بھی امریکی کو افغانستان میں نہیں چھوڑیں گے، 31 اگست کی ڈیڈ لائن کے بعد بھی رکنا پڑا تو رکیں گے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے ایک بار پھر افغان حکومت اور فورسز کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انخلا کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے امریکی فوجی 31 اگست کے بعد بھی کابل میں رہ سکتے ہیں۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ امریکی افواج کے پاس یہ صلاحیت نہیں کہ کابل ائیرپورٹ سے عام لوگوں کے انخلا کے لئے مدد کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تقریبا 45 سو امریکی فوجی کابل میں ہیں، طالبان کے ساتھ کوئی کشیدگی نہیں، طالبان کمانڈروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

امریکی افواج کے سربراہ جنرل مارک ملی نے افغان فورسز کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی کسی فوج کو 11 دن میں پسپا ہوتے نہیں دیکھا، افغان فورسز کے پاس دفاع کی اہلیت، تعداد اورٹریننگ سب کچھ تھا لیکن اس کے باوجود وہ شکست کھا گئے۔
 

Advertisement