کابل: (ویب ڈیسک) غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نام نہاد دولت اسلامیہ خراسان کے ایک خود کش بمبار کیخلاف فوجی کارروائی کی ہے۔
بی بی سی کے مطابق امریکا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی میں ڈرون طیارے کے ذریعے کابل میں ایک میزائل مارا گیا۔ اس حملے کا ٹارگٹ گاڑی میں سوار خود کش تھا جو کابل ایئرپورٹ پر حملہ کرنے والا تھا۔
اس آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایک امریکی فوجی نے کہا ہے کہ ہم یقین کیساتھ یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہماری فورسز نے اپنے ٹارگٹ کا کامیابی سے تعاقب کرکے اسے نشانہ بنایا۔
امریکی فوجی اہلکار نے کہا کہ ہمیں یہ معلومات موصول ہو رہی ہیں کہ اس آپریشن میں کوئی افغان شہری زخمی نہیں ہوا۔
فوجی اہلکار نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خود کش بمبار کی جس گاڑی کا نشانہ بنایا گیا اس میں بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد موجود تھا۔
دوسری طالبان کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی ڈرون طیارے نے فضائی حملے میں گاڑی میں موجود ایک خود کش بمبار کو نشانہ بنایا جو کابل ہوائی اڈے کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔