ماسکو: (دنیا نیوز) روس میں پارلیمانی انتخابات میں حکمران جماعت نے فتح حاصل کرلی۔ اپوزیشن نے حکومت پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے الیکٹرانک ووٹنگ پر تنقید کی۔
روس میں کورونا وائرس کے پیش نظر اس بار روس کے 6 ریجنز میں الیکٹرونک ووٹنگ سسٹم استعمال ہوا، عوام نے گھر بیٹھے موبائل فون اور لیپ ٹاپ پر ووٹ کاسٹ کئے۔ ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے موبائل فون اور سم کارڈ ہونا ضروری تھا۔ فون پر موصول ہونے والے خفیہ پاسورڈ کے ذریعہ شہریوں نے ووٹ کاسٹ کیا۔
اپوزیشن رہنما نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکٹرونک ووٹنگ کے ذریعہ ان کے ووٹ ہیک کئے گئے ہیں۔ حزب اختلاف نے صدر پیوٹن کی حکومت پر انتخابات سے قبل اپوزیشن پر کریک ڈاؤن کا بھی الزام لگایا۔
ایوان زیریں ڈوما کے انتخابات میں روس کی حکمران جماعت یونائیٹڈ رشیا نے ڈالے گئے کل ووٹ کا 50 فیصد حاصل کیا جبکہ اپوزیشن جماعت کمیونسٹ پارٹی 20 فیصد سے کم ووٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، 450 رکنی ایوان زیریں میں دو تہائی اکثریت حکمران جماعت کی ہوگئی۔
امریکا اور یورپی ممالک نے بھی پارلیمانی انتخابات کو مشکوک قرار دے دیا۔ جرمنی نے مطالبہ کیا کہ ماسکوانتخابات میں فراڈ کے الزام کی وضاحت کرے۔