کابل: ملٹری ہسپتال میں ہونیوالے دھماکوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 25 ہو گئی

Published On 03 November,2021 12:21 pm

کابل: (دنیا نیوز) کابل کے ملٹری ہسپتال میں گزشتہ روز یکے بعد دیگرے 2 دھماکوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 25 ہو گئی۔

دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں میں طالبان کے سینئر ملٹری کمانڈر حمد اللہ مخلص بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 50 سے زائد ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق حملے میں داعش کے دہشت گرد ملوث تھے، مسلح افراد ہسپتال میں گھسنا چاہتے تھے تاہم اسپیشل فورسز کے اہلکاروں نے دہشت گردوں کو اُن کے مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔ ذبیح اللہ مجاہد نے بھی تصدیق کی ہے کہ مرنے والوں میں طالبان جنگجو بھی شامل ہیں۔

گذشتہ روز افغانستان کے سب سے بڑے ملٹری ہسپتال کے نزدیک دو زوردار دھماکوں کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں سنائی دی تھیں، اس ہسپتال میں مریضوں کے لیے 400 بستروں کا انتظام ہے۔