گولڈن ٹیمپل میں مقدس تلوار کی بے حرمتی کا الزام، تشدد سے نوجوان قتل

Published On 19 December,2021 09:46 pm

نئی دہلی :(ویب ڈیسک)سکھوں کے سب سے مقدس مقام 'گولڈن ٹیمپل' میں مقدس تلوار کی بے حرمتی کرنے کے الزام میں نوجوان کو بہیمانہ تشدد کرکے قتل کردیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر امرتسر میں گولڈن ٹمپل میں داخل ہوکر گرو گرنتھ کی مقدس تلوار کی بے حرمتی کے الزام میں نوجوان کو مشتعل سکھوں کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ بھارت کی شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ایک اہم رہنما نے کہا کہ یہ افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب گولڈن ٹیمپل میں گورو گرنتھ صاحب کا پاٹھ کیا جارہا تھا۔ اس دوران ایک ہندونوجوان جنگلا پھلانگ کر پالکی صاحب کے قریب پہنچا اور مبینہ طور پر گوروگرنتھ صاحب اور مقدس استھان کی بے حرمتی کی۔

سکھوں کے گولڈن ٹیمپل کے خدمت گاروں اور سکیورٹی کے عملے نے اس شخص کو پکڑ لیا تاہم جب اسے باہر لیکر آئے تو مشتعل ہجوم نے تشدد کانشانہ بناتے ہوئے نوجوان کو ہلاک کردیا۔

اس واقعے کے متعلق ایس جی پی سی کے ذمہ دار نے کہا کہ ہلاک ہونیوالے کا تعلق اتر پردیش(یوپی) سے بتایا جارہا ہے تاہم جیب سے کوئی شناختی دستاویز نہ ملنے کے باعث اس کی شناخت نہیں کی جاسکی۔
 

Advertisement