ذاتی جھگڑا، سیاستدان اکھاڑے میں کود پڑے، ایک دوسرے پر مکوں کی برسات

Published On 16 December,2021 06:58 pm

برازیلیا(ویب ڈیسک)برازیل میں ذاتی جھگڑے کے باعث سیاستدان اکھاڑے میں کود پڑے اور باکسنگ مقابلے میں ایک دوسرے پر مکوں کی برسات کردی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہوا کچھ یوں کے برازیل میں میئر اور سابق کونسل ممبر کے درمیان ذاتی جنگ سوشل میڈیا تک لفظی جنگ میں بدل گئی اور پھر یہ لفظی جنگ میدان تک آگئی، برازیل کے ایک چھوٹے سے شہر کے میئر نے سابق کونسل ممبر سے کیج فائٹ کا مقابلہ رکھا،جسے دیکھنے کےلیے تماشائیوں کی کثیر تعداد سپورٹس سینٹر پہنچ گئی۔

دونوں سیاست دانوں کے مابین پہلے کچھ ذاتی رنجش تھی جس پر پٹرول کا کام سابق کونسل ممبر ایرینومیریکو ڈا سیلوا کی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو نے کیا ،ویڈیو میں انہوں نے دریا کنارے واقع ایک سیاحتی مقام کی بدترین صورتحال پر میونسپلٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ویڈیو میں ڈا سیلوا کی جانب سے زدوکوب کیے جانے کی دھمکی پر 39 سالہ پیگزوٹو آگ بگولا ہو گئے اور ڈی سیلوا کو فائٹ کے لیے چیلنج کیا جسے سابق کونسل ممبر نے قبول کرلیا،فائٹ کا انعقاد سپورٹس سینٹر میں جہاں دونوں سیاست دانوں نے کیج میں داخل ہوتے ہی ایک دوسرے پر مکّوں اور لاتوں کی برسات شروع کردی۔

فائٹ کے تین راؤنڈ ہوئے جس میں سابق کونسل ممبر ڈی سیلوا نے میئر سماؤ پیگزوٹو کو دومرتبہ دھول چٹائی تاہم ججز نے میچ کا فاتح میئر کو قرار دیا،مقابلے کے بعد دونوں سیاست دانوں نے خوشگوار موڈ میں ایک دوسرے کو گلے لگایا۔

دوسری جانب ہیلتھ ریگولیٹر نے کورونا وبا کے دوران ان ڈور فائٹ اور بغیر ماسک تماشائیوں کی انٹری پر وضاحت طلب کرلی۔

میئر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فائٹ کا مقصد کھیل کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور بھوک سے دوچار افراد کیلئے چندہ جمع کرنا تھا۔
 

Advertisement