لاہور:(ویب ڈیسک)شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے ایک ہوٹل میں پراٹھے بنانے والے کک باکسر نثار احمد نے روس کے شہر ماسکو میں انٹرنیشنل کک باکسنگ چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا ہے۔
ماسکو میں نثار احمد نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں تاجکستان کے کک باکسر کو شکست سے دوچار کیا۔
واضح رہے کہ نثار احمد کے پاس ایونٹ میں شرکت کیلئے پیسے بھی نہیں تھے،انہوں نے عوام کی جانب سے تعاون کے بعد ایونٹ میں شرکت کی۔
انٹرنیشنل کک باکسنگ چیمپئن شپ میں سید عبید محمد نے 64 کلوگرام کیٹیگری میں کک باکسنگ میں گولڈ میڈل حاصل کیا، نوروز علی نے 56 کلوگرام کیٹیگری میں سلور میڈل حاصل کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کک باکسنگ ٹیم کا 6 رکنی دستہ پاکستان کک باکسنگ فیڈریشن کے صدر سمیع اللہ کاکڑ کی قیادت میں روس کے شہر ماسکو کے لیے 19 نومبر کو کراچی ایئر پورٹ سے روانہ ہوا تھا۔سید حاجی عبدالمنان آغا ٹیم منیجر تھے جبکہ عبدالوہاب درانی پاکستان کک باکسنگ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔