امریکا میں نسلی تعصب کا دلخراش واقعہ، ٹارگٹڈ فائرنگ سے 10 سیاہ فام شہری ہلاک

Published On 15 May,2022 08:25 am

نیویارک: (دنیا نیوز) امریکی ریاست نیویارک میں سفید فام حملہ آور کی ٹارگٹڈ فائرنگ سے 10 سیاہ فام شہری ہلاک ہو گئے، واقعے میں 3 شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بفیلو شہر میں پیش آیا جہاں فوجی یونیفارم پہنے مسلح شخص نے سپر مارکیٹ میں گولیوں کی بوچھاڑ کر دی، حملہ آور نے 13 افراد کو گولیاں ماریں جن میں 11 سیاہ فام شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کی عمر صرف 18 سال ہے اور وہ نسلی تعصب سے متاثر ہے، ملزم سے نفرت انگیز جرائم کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے، حملہ آور نے لوگوں پر فائرنگ کے مناظر کو سوشل میڈیا پر لائیو دکھایا۔