ماسکو: (دنیا نیوز) روس نے یوکرین کو بحیرہ اسود کی بندرگاہوں سے اناج کی ترسیل کے لیے محفوظ راستہ دینے کی پیشکش کر دی۔
روس کے حملے اور بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے بعد سے یوکرین اناج کی ترسیل کافی دنوں سے تعطل کا شکار تھی جس سے اناج، کھانا پکانے کے تیل، ایندھن اور کھاد کی عالمی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ روس کے ڈپٹی وزیر خارجہ اینڈری روڈینکو کا کہنا تھا کہ یورپی پابندیاں اٹھانے کے بدلے یوکرین کو اناج کی ترسیل کیلئے بندرگاہوں تک آسان رسائی دے سکتے ہیں۔
اقوام متحدہ یوکرین کے اناج کی برآمدات اور روسی خوراک اور کھاد کی برآمدات کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے معاہدے پر زور ڈال رہا ہے جبکہ ماسکو نے بندرگاہوں کو کھولنے کیلئے اپنی شرائط سامنے رکھ دی ہیں۔