جنیوا: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے میانمار کی فوجی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور ملک میں جمہوری حکومت کو بحال کریں۔
انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ میانمار کی فوجی حکومت اپنے لوگوں کی بات سنیں، سیاسی قیدیوں کو رہا کریں اور اقتدار جمہوری حکومت کو منتقل کردیں۔ ملک اور خطے میں استحکام اور امن کا یہی واحد راستہ ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ میانمار کی فوجی حکومت کے ساتھ ایک پانچ نکاتی امن منصوبے پر اتفاق تو ہوا ہے لیکن اب تک نافذ نہیں ہوسکا جو قابل تشویش بات ہے۔
خیال رہے کہ میانمار میں گزشتہ برس فروری میں فوج نے بغاوت کرکے جمہوری حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا اور حکمراں آنگ سان سوچی سمیت کئی سیاست دانوں کو گرفتار کرلیا تھا۔
جس پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔فوجی حکومت نے مظاہروں کو طاقت سے کچلنے کی کوشش اور اس دوران 2 ہزار سے زائد مظاہرین ہلاک اور 5 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے۔