تہران: (ویب ڈیسک) ایران میں زیرحراست لڑکی مہسا امینی کی موت کے خلاف مظاہروں میں شریک ایک اور شہری کو حکام نے سرعام پھانسی دے دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزم ماجد رضا کو 2 سکیورٹی اہلکاروں کے قتل کے الزام میں گزشتہ روز مشہد میں سرعام پھانسی پر لٹکایا گیا۔ ماجد رضا کو 23 روز قبل ملک سے فرار ہوتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔
قبل ازیں ایران میں مظاہروں کے الزام میں گرفتار محسن شکاری کو جمعرات کو سزائے موت دی گئی تھی۔ ایران میں مظاہروں کے سلسلے میں اب تک مجموعی طور پر 11 افراد کو موت کی سزا سنائی جا چکی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے ہمسائیہ اسلامی ملک ایران میں حجاب کے معاملے پر زیر حراست لڑکی مہسا امینی کی موت کے خلاف ستمبر کے مہینے سے مظاہروں کا عمل جاری ہے، مظاہروں میں اب تک 63 بچوں سمیت کم از کم 458 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔