لاہور: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے معاملے میں عالمی برادری پاکستان کی مدد کرے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کو اپنے ملک سے پاکستان سمیت پڑوسی ممالک میں ہونے والی دہشت گردی کی تمام کاروائیوں کو روکنا ہوگا، طالبان کو اپنے ملک میں دہشت گردی کی تمام سرگرمیوں کو روکنا ہوگا جس سے خطے کے دیگر ممالک اور پاکستان سے تعلقات متاثر ہوں۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ میں عالمی برادری کو پاکستان کے سیلاب سے متاثرین کی مدد کیلئے متحرک کررہا ہوں، پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی جس کا میں نے خود مشاہدہ کیا، یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے معاملے میں پاکستان کی مدد کرے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا میں نے حالیہ دنوں میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے بھی رابطہ کیا ہے، امید کرتا ہوں کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک پاکستان میں سیلاب کے تناظر میں مؤثر کردار ادا کریں گے، پاکستان کے عوام کو عالمی برادری کے مضبوط ساتھ کی ضرورت ہے۔