جدہ : (ویب ڈیسک ) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک نے سویڈن اور نیدرلینڈز میں قرآن پاک کے بے حرمتی کےگھناؤنے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعات اسلاموفوبیا کا مظہر ہیں ۔
پاکستان اس وقت اسلامک کانفرنس آف فارن منسٹرز (آئی سی ایف ایم)کا چیئرمین ہے ، یہ اجلاس اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی منظور کردہ تاریخی قرارداد کے مطابق اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن کو منانے کے لیے نیویارک میں اقوام متحدہ میں خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ او آئی سی کے رکن ممالک کے اس اجلاس کے ذریعے ہم مسلم مخالف بیان بازی اور نسل پرستی امتیازی سلوک ، منفی دقیانوسی تصورات اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کے طریقوں کا مقابلہ کرنے اور اسے ختم کرنے کیلئے بین الاقوامی یکجہتی اور تعاون کا مطالبہ کریں گے۔
انہوں نےکہا کہ قرارداد پر پیشرفت کے طور پر او آئی سی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دے گی کہ وہ او آئی سی ممالک کے ساتھ مل کر اسلامو فوبیا کو روکنے اور اس کے خاتمے کے لیے ایکشن پلان تشکیل دیں۔
اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک نے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور اس کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مبصر ریاض منصور نے او آئی سی کے اجلاس کومسجد االاقصیٰ کے تقدس کی خلاف ورزیوں سمیت فلسطین اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کے اشتعال انگیز اقدامات بارے آگاہ کیا۔