تہران : ( ویب ڈیسک ) ایران نے یورپی حکام اور اداروں پر ملک میں ’’ دہشت گردی کی حمایت ‘‘ اور ’’ بدامنی کو ہوا دینے ‘‘ کے الزام میں مزید پابندیاں عائد کردیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز یورپی یونین کے تین اداروں اور 22 افراد کے علاوہ برطانیہ کے ایک ادارے اور آٹھ عہدیداروں کو بلیک لسٹ کر دیا۔
ایران کی جانب سے یورپی پارلیمنٹ کے متعدد اراکین، شہری حکام، پولیس اور فوجی کمانڈروں سمیت فرانسیسی طنزیہ میگزین ’’ چارلی ہیبڈو ‘‘ کے تین ایگزیکٹوز کو بھی بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔
ایران نے ان اقدامات کا اعلان یورپی یونین اور برطانیہ کی جانب سے درجنوں ایرانی حکام اور اداروں پر پابندیوں کے دو دن بعد کیا ہے۔