ایف بی آئی کی امریکی صدر بائیڈن کے گھر کی ایک بار پھر تلاشی

Published On 02 February,2023 01:17 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک ) امریکی تفتیشی ادارے ( ایف بی آئی) نے امریکی صدر جو بائیڈن کے گھر کی ایک بار پھر تلاشی لی ہے تاہم کوئی خفیہ دستاویزات برآمد نہیں ہوئیں ۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ایف بی آئی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے ریاست ڈیلاویئرمیں واقع گھر کی 4 گھنٹے تک تلاشی لی تاہم ٹیم کو کسی بھی طرح کی خفیہ دستاویزات نہیں ملیں ۔

اس سے قبل صدر جو بائیڈن کے دفتراور رہائش گاہ سے خفیہ دستاویزات برآمد ہوئی تھیں اور اسی سلسلے کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ تلاشی لی گئی ہے ۔

امریکی صدر بائیڈن کے وکیل نے بیان میں کہا کہ تلاشی کے لیے پہلے صدر کی رضامندی لی گئی تھی ، تاہم  ایف بی آئی نے صدر کے گھر کی تلاشی سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

بائیڈن کے وکیل باب باؤر کا کہنا ہے کہ یہ تلاشی آپریشنل سکیورٹی اور سالمیت کے مفاد میں لی  گئی۔

دسمبر اور جنوری میں کی گئی تلاشی کے دوران ڈیلاویئر ولیمنگٹن میں صدر بائیڈن کے ایک اور گھر سے مزید دستاویزات برآمد  ہوئیں تھیں ۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق نائب صدر مائیک پینس بھی خفیہ دستاویزات کو ہینڈل کرنے پر تنقید کی زد میں آئے تھے ۔

فلوریڈا میں ٹرمپ کی مار اے لاگو سٹیٹ سے اگست 2022 میں تلاشی کے دوران درجنوں ڈبے اور تقریباً 11,000 دستاویزات برآمد ہوئیں ، جن میں سے تقریباً 100 کلاسیفائیڈ دستاویزات تھیں۔