نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیشی لڑکی اپنے دوست سے ملنے دریا میں تیرتی ہوئی بنگلہ دیش سے بھارت پہنچ گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کرشنا دیوی نامی 22سالہ لڑکی کی فیس بک پر بھارت کے نوجوان ابھیک منڈل کے ساتھ دوستی ہوئی اور دونوں ایک دوسرے سے محبت کرنے لگے۔
کرشنا کے پاس چونکہ پاسپورٹ نہیں تھا لہٰذا اس نے غیرقانونی طور پر بارڈر عبور کرنے کا فیصلہ کر لیا، وہ جان جوکھوں میں ڈال کر بنگلہ دیش اور بھارت کے بارڈر پر واقع سندر بن نامی جنگل سے گزری جس میں بنگالی ٹائیگرز بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔
جنگل سے گزر کر وہ بنگلہ دیش سے بھارت میں داخل ہونے والے دریا پر پہنچی اور اس میں تیرتی ہوئی بھارت میں داخل ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق ابھیک کلکتہ کا رہائشی ہے،کرشنا اور اس کی شادی کی رسومات کالی گھاٹ مندر میں ہوئیں، تاہم شادی کے اگلے روز ہی کرشنا کو پولیس نے غیرقانونی طور پر ملک میں داخل ہونے کے جرم میں گرفتار کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرشنا کو ممکنہ طور پر بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے حوالے کر دیا جائے گا جو اسے واپس بنگلہ دیش پہنچا دے گا۔
واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں ایک بنگلہ دیشی نوجوان محض چاکلیٹ خریدنے کے لیے دریا میں تیر کر بھارت پہنچ گیا تھا۔