جاپان کا دفاعی اخراجات میں اضافے کا منصوبہ قابل تعریف : جینز سٹولن برگ

Published On 02 February,2023 12:43 am

ٹوکیو : ( ویب ڈیسک ) مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولن برگ نے جاپان کے دفاعی اخراجات میں اضافے کے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبہ ایک غیر مستحکم دنیا میں زیادہ سے زیادہ سیکورٹی میں شمولیت کے لیے اس ملک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکرٹری جنرل نیٹو نے ٹوکیو میں کیو یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کی سلامتی کے شعبے پر نئی توجہ نے قوم کو امن کے لیے اور بھی زیادہ شراکت دار بنا دیا۔

جینز سٹولن نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ جاپان دفاعی شعبے کے لیے وقف جی ڈی پی کا 2 فیصد نیٹو بینچ مارک تک پہنچنے کے لیے منصوبہ بنا رہا ہے جو جاپان کا بین الاقوامی سلامتی کو سنجیدہ لینے کا اظہار ہے۔

واضح رہے کہ جاپان نے کئی دہائیوں سے فوجی اخراجات کو جی ڈی پی کے تقریباً ایک فیصد تک محدود رکھا ہے لیکن گزشتہ سال کے آخر میں وزیر اعظم فومیو کشیدا کی حکومت نے ایک نئی سکیورٹی حکمت عملی کی منظوری دی جس میں مالی سال 2027 تک دفاعی اخراجات کو جی ڈی پی کے دو فیصد تک بڑھانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔