عمران خان سے پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ملاقات

Published On 01 February,2023 10:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے زمان پارک میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان میں آسٹریلوی منصوبوں خصوصاً زرعی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے پراجیکٹ پر بھی بات چیت کی گئی، ماحولیاتی تغیرات اور سیاحت سمیت دیگر اہم موضوعات پر بھی مفصل گفتگو کی گئی۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر کی جانب سے پشاور پولیس لائنز میں دہشت گرد حملے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات کے دوران آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا قریبی سفارتی رشتے میں جڑے ہیں، باہمی اشتراک کو دوطرفہ ترقی و خوشحالی کا زینہ سمجھتے ہیں، آسٹریلوی حکومت اور عوام پاکستان میں امن و سلامتی کے خواہاں ہیں، پاکستان میں جمہوریت کے استحکام و فروغ کے حوالے سے بھی نیک جذبات رکھتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف آسٹریلیا سے تعلقات و اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ماحولیاتی تغیرات عالمی چیلنج، تحریک انصاف کی حکومتوں نے انسداد کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائے، مساوی ترقی تمام اقوام کا حق، ترقی یافتہ ممالک کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہو گا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ غربت اور وسائل خصوصاً سرمائے کی ترقی پذیر ممالک سے ترقی یافتہ ممالک تک غیر قانونی ترسیل ان ممالک کے مسائل میں غیر معمولی پیچیدگیوں کو جنم دیتی ہے، وقت آگیا ہے کہ امیر اقوام غریب ممالک سے سرمائے کے غیرقانونی انتقال کے انسداد میں کردار ادا کریں۔

عمران خان نے کہا کہ ترقی یافتہ و ترقی پذیر ممالک کے مابین امتیاز کا معیار قانون کی حکمرانی ہے، تحریک انصاف قانون کی حکمرانی کے نہایت واضح تصورکو اپنی سیاسی جدوجہد کا کلیدی نکتہ بنائے ہوئے ہے، قانون کی حکمرانی اقوام پر ترقی و خوشحالی کے دروازے کھولتی ہے۔
 

Advertisement