لاہور: (دنیا نیوز) عمران خان کی اہلیہ کے خلاف متنازع گفتگو کرنے پر تحریک انصاف سے فارغ ہونے والی عظمیٰ کاردار نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔
عظمیٰ کاردار نے مرکزی رہنما مریم نواز سے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا اعلان کیا جبکہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور کارکنوں کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما کی شمولیت کا خیر مقدم بھی کیا گیا، عظمیٰ کاردار نے بھی (ن) لیگ میں شمولیت پر نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کیا۔
میں نے پاکستان مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی ہے.
— Uzma Kardar (@UzmaKardar) January 30, 2023
نائب صدر ن لیگ مریم نواز سےخصوصی ملاقات pic.twitter.com/axbyNBCT1L
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عظمیٰ کاردار نے مریم نواز سے ملاقات کی تصویر شئیر کرتے ہوئے کیپشن لکھا کہ میں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی ہے، مریم نواز سے ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
واضح رہے کہ عظمیٰ کاردار کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ کے خلاف نامناسب بیان دینے پر تحریک انصاف کی جانب سے شوکاز جاری کیا گیا تھا، ڈسپلنری کمیٹی کو وہ تسلی بخش جواب نہ دے پائیں، جس کے بعد پی ٹی آئی کی احتساب کمیٹی نے پارٹی کی رکنیت ختم کرتے ہوئے ان کو ترجمان پنجاب حکومت کے عہدے سے بھی ہٹا دیا تھا۔