بیجنگ: (دنیا نیوز) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی چینی ہم منصب سے بیجنگ میں ملاقات ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں کی جانب سے باہمی تعاون کے فروغ کا اعادہ کیا گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی تین روزہ دورے پر چین پہنچے جہاں انہوں نے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری معاہدے کا جلد اور مناسب حل نکلنا چاہیے، جوہری معاملے پر ایرانی حقوق کے تحفظ کیلئے ایران کی حمایت کرتے ہیں، ایران جوہری معاہدہ بحالی کے مذاکرات میں تعمیری شمولیت جاری رکھیں گے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ بین الاقوامی اور علاقائی حالات کی تبدیلی کے باوجود ایران سے تعاون کو فروغ دیں گے۔
شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ تجارت، زراعت اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں ایران سے تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں، ایران سے اعلیٰ معیار کی مزید زرعی مصنوعات درآمد کریں گے۔