کوئٹہ: (دنیا نیوز) ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل نے کہا ہے کہ ایران کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، پاکستان ایران میں دہشتگردوں کی ٹھکانوں کی نشاندہی کرے نیست و نابود کریں گے۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر لورین نے کہا ہے کہ پاک ایران تعلقات ہمیشہ مثالی رہے ہیں، اچھے ہمسایہ کی حیثیت سے ایران کے پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں، پاکستان کو توانائی بحران کے خاتمے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، گیس، پٹرول اور بجلی پاکستان کو دینے کیلئے تیار ہیں، رکاوٹ ایران کی جانب سے نہیں، پاکستان کی حکومت ہچکچا رہی ہے۔
ایران کے ڈپٹی قونصلر جنرل نے کہا ہے کہ ہم پر گیس کی فراہمی کے حوالے سے بین الاقوامی کوئی پابندی نہیں، معاہدے کے تحت گیس پائپ لائن پاکستان کی سرحد تک پہنچا دی ہے، ایران پاکستان کو وافر مقدار میں ایل پی جی فراہم کر رہا ہے، گوادر کو 104 میگاواٹ بجلی فراہم کر رہے ہیں، گوادر کو مزید 100 میگاواٹ بجلی فراہم کریں گے۔
ڈپٹی قونصلر جنرل پیر لورین نے مزید کہا کہ ایران میں مسلح تنظیموں کی سرگرمیوں کو دشمن ممالک بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں، بلوچستان میں بدامنی ایران کے مفاد میں نہیں، پاکستان کے ساتھ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن سکیورٹی تعاون کیلئے تیار ہیں، ریفرنڈم کی باتیں کرنے والے مستحکم ایرانی حکومت کے خلاف سازش کررہے ہیں۔