سیئول : (ویب ڈیسک ) امریکا اور جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں پر شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بہن کم یوجونگ نے امریکا کے لیے انتباہ جاری کر دیا۔
ورکر پارٹی کوریا سنٹرل کمیٹی کی ڈائریکٹر کم یو جونگ نے امریکا اور جنوبی کوریا کی مشقوں کے بعد بالواسطہ یا بلاواسطہ ردعمل کا امکان ظاہر کردیا ، شمالی کوریا نے 2 روز قبل ایک اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
شمالی کوریا کے میزائل تجربات کے بعد شمالی کوریا کےخلاف جنوبی کوریا نے نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں ، جبکہ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے پڑوسی ملک شمالی کوریا کے میزائل تجربات کی مذمت کی ہے۔
خیال رہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا کی یہ مشق شمالی کوریا کی جانب سے جاپان کے مغربی ساحل کے قریب سمندر میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل Hwasong-15 کے تجربے کے ایک دن بعد ہوئی۔
اس حوالے سے امریکی انڈو پیسیفک کمانڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے تازہ ترین میزائل لانچ سے کوئی فوری خطرہ نہیں ہے ۔
دوسری جانب شمالی کوریا کے تجربات پر جاپان کے وزیراعظم نے سلامتی کونسل سے ہنگامی اجلاس بلانے کے لیے کہا ہے۔