ماپوتو: ( ویب ڈیسک ) ایک ماہ میں دوسری بار جنوبی افریقہ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے والے سمندری طوفان ’ فریڈی ‘ نے ملاوی اور موزمبیق کے علاقوں میں بڑی تباہی مچا دی ہے، طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کے مطابق ’ فریڈی ‘ جنوبی نصف کرہ میں ریکارڈ کیے گئے سب سے مضبوط طوفانوں میں سے ایک ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سمندری طوفان فریڈی پہلے موزمبیق اس کے بعد ملاوی کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا، طوفانی ہواؤں سے متاثرہ علاقوں میں مکانات کی چھتیں اُڑ گئیں، درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے، موسلادھار بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
حکام کےمطابق ملاوی کے تجارتی مرکز بلانٹائر کے مرکزی ہسپتال میں کم از کم 60 لاشیں موصول ہوئیں اور تقریباً 200 زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے جبکہ امدادی ٹیمیں بلانٹائر کی دو سب سے زیادہ متاثرہ بستیوں چیلوبوے اور اینڈیراندے میں لاپتہ لوگوں کو تلاش کر رہی ہیں۔
دوسری جانب طوفان سے شدید متاثرہ موزمبیق کے ایک بندرگاہی قصبے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے، جانی و مالی نقصان کی مکمل حد ابھی تک واضح نہیں ہے کیونکہ متاثرہ علاقے کے کچھ حصوں میں بجلی کی سپلائی اور فون کے سگنل منقطع ہو چکے ہیں۔