کینٹکی : بینک میں ملازم کی فائرنگ سے چار افراد ہلاک

Published On 11 April,2023 04:59 am

کینٹکی : ( ویب ڈیسک ) امریکی ریاست کینٹکی کے ایک بینک میں ملازم کی فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہو گئے جبکہ حملہ آور نے حملے کو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر لائیو سٹریم بھی کیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی عمریں 40 سے 64 سال کے درمیان تھیں جبکہ واقعہ میں 9 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے جس نے دو ہفتے قبل فورس میں گریجویشن کیا تھا۔

پولیس نے واقعہ کے تین منٹ کے اندر اندر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

فائرنگ کا واقعہ شہر کے مرکز میں واقع اولڈ نیشنل بینک میں پیش آیا، عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ جب حملہ شروع ہوا تو اس کی بیوی جو کہ بینک میں ملازم تھی نے خود کو والٹ کے اندر بند کر لیا، دیگر عینی شاہدین نے پولیس اہلکاروں اور اکیلے حملہ آور کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کو دیکھا۔

کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر نے کہا کہ ان کا ایک دوست جو کہ بینک کا سینئر نائب صدر ہے وہ بھی متاثرین میں شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کا نام کونر اسٹرجن ہے جس کی عمر 23 سال ہے جبکہ اس نے واقعے کے دوران رائفل کا استعمال کیا تھا اور وہ حملے کو آن لائن نشر کر رہا تھا۔

انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے کہا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کی لائیو اسٹریم کو پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا ہے۔

کینٹکی ان 26 ریاستوں میں سے ایک ہے جو 21 سال سے زیادہ عمر کے نوجوانوں کو لائسنس کے بغیر آتشیں اسلحہ خریدنے اور لے جانے کی اجازت دیتی ہے۔