تہران: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ہفتے کے روز ایران کے سرکاری دورے پر دارالحکومت تہران پہنچیں گے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق شہزادہ فیصل ہفتہ 17 جون کو تہران پہنچیں گے جہاں وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے، شہزادہ فیصل کے دورے کے موقع پر سعودی سفارت خانے کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے کچھ اقدامات کیے جائیں گے۔
تاہم الریاض یا تہران کی جانب سے اس دورے کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن ایرانی حکومت کے ترجمان علی بہادری جہرومی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ شہزادہ فیصل ایران کا دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2016 میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پر حکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعد ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔