امدادی کانفرنس: سعودی عرب کا سوڈانی عوام کی حمایت کا اعادہ

Published On 19 June,2023 10:30 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کے روز سوڈانی عوام کے لیے مملکت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا ملک سوڈانیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

شہزادہ فیصل نے جدہ مذاکرات کے ایک حصے کے طور پر متحارب فریقوں کے درمیان سعودی عرب اور امریکا کی ثالثی کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحران کے سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

شہزادہ فیصل نے ویڈیو کال کے ذریعے سوڈان سے متعلق امدادی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوڈانی عوام تشدد سے پیدا ہونے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے فوری مدد کے منتظر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب اور امریکا سوڈان مذاکرات جاری رکھنے کے خواہشمند

اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ سوڈان غیر معمولی رفتار سے موت اور تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے۔انھوں نے عطیہ دہندگان پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور اس تباہی کو روکیں۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ سوڈان کی موت اور تباہی کی رفتار بے مثال ہے۔مضبوط بین الاقوامی حمایت کے بغیر، سوڈان تیزی سے لاقانونیت کا گڑھ بن سکتا ہے، جس سے پورے خطے میں عدم تحفظ پھیل سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب خطے میں تنازعات کے پر امن حل کی حمایت کر رہا ہے: شہزادہ فیصل

انتونیو گوتریس نے کہا کہ دو ماہ سے بھی کم عرصے میں 20 لاکھ افراد اپنے گھروں سے بے دخل ہو کر سوڈان کے محفوظ علاقوں یا سرحدوں کے اس پار پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں، پانچ لاکھ سے زیادہ افراد پہلے ہی سرحد پار کر کے ہمسایہ ممالک میں داخل ہو چکے ہیں۔

اس امدادی کانفرنس کا انعقاد اقوام متحدہ کے انسانی حقوق اور پناہ گزینوں کے اداروں کے ساتھ ساتھ مصر، جرمنی، قطر اور سعودی عرب کے علاوہ افریقی یونین اور یورپی یونین کی جانب سے مشترکہ طور پر کیا جا رہا ہے۔