نیویارک : (دنیانیوز) عالمی ادارہ صحت میں شمالی کوریا کی شمولیت پر سابق امریکی صدر ٹرمپ کی کم جونگ ان کو مبارکباد دینا مہنگا پڑ گیا۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) میں شمالی کوریا کی شمولیت پر ملک کے سپریم لیڈر کم جونگ ان کو مبارکباد پیش کی جس کے بعد ریپبلکن صدارتی امیدواروں اور پارٹی رہنماؤں نے ٹرمپ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مبارکباد دینے پر اقوام متحدہ کی سابق سفیر اور 2024 کی صدارتی امیدوار نکی ہیلی نے ردعمل دیتے ہوئے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ کم جونگ ان اپنے ہی لوگوں کو بھوکا مار رہے ہیں، یہ سراسر مذاق ہے کہ عالمی ادارہ صحت میں شمالی کوریا کا اہم کردار ہے۔
ریپبلکن میری لینڈ کے سابق گورنر نے ٹرمپ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کم جونگ ان امریکا کا دشمن ہے، وہ عالمی امن اور آزادی کیلئے خطرہ ہے ، انہوں نے ٹرمپ کو چین کیلئے ایک مفید بیوقوف اور امریکی صدر بننے کیلئے نااہل قرار دیدیا۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا کی وزارت صحت کے ڈاکٹر جونگ من پاک کو ڈبلیو ایچ او کے ایگزیکوٹیو بورڈ میں شامل کیا گیا ہے جس کی مدت 2026 تک ہے۔
بورڈ میں کمیونسٹ ریاست کی یہ پوزیشن ادارے میں ایجنڈے اور پالیسی کے نسخوں کا تعین کرنے کا اختیار رکھے گی۔
شمالی کوریا کی شمولیت کے فیصلے پر پڑوسی ملک جنوبی کوریا کی حکومت کی طرف سے فوری تنقید کی گئی اور شمالی کوریا کی جانب سے عالمی ادارہ صحت اور اس کی بنیادی تنظیم اقوام متحدہ کی پالیسیوں کی خلاف ورزیوں کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ۔