سعودی عرب کیساتھ تعاون عالمی دہشتگردی سے نمٹنے کا بنیادی ستون ہے: برطانیہ

Published On 16 June,2023 08:19 pm

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی وزیر مملکت لارڈ طارق احمد نے کہا ہے کہ برطانیہ اور سعودی عرب کے درمیان تعاون بین الاقوامی دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ایک بنیادی ستون ہے۔

برطانوی وزیر نے کہا وہ توقع کرتے ہیں کہ یمنی فریقین کے درمیان اقوام متحدہ کی سرپرستی میں مذاکرات ایک ایسے تصفیے کی طرف چلے جائیں گے جہاں تنازعہ ختم ہو جائے گا۔

انہوں نے ریاض میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی اتحاد کی کانفرنس میں اپنی حالیہ شرکت کے موقع پر ایک انٹرویو میں کہا کہ ہمیں داعش سے منسلک گروہوں کی جانب سے تیزی سے بڑھتے خطرات کا سامنا ہے۔

لارڈ طارق احمد نے عالمی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ بین الاقوامی کارروائی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا ایوی ایشن سکیورٹی، دفاعی سائبر سیکیورٹی اور دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے میں سعودی عرب کا کردار اہم ہے۔

سوڈان کے تنازعے کے حوالے سے برطانوی وزیر نے کہا کہ ان کا ملک افریقی یونین کی قیادت میں ایک نئے گروپ کے اندر کام کر رہا ہے تاکہ تنازعہ کے فریقین کو مذاکرات کی میز پر واپس لایا جا سکے، لارڈ طارق احمد نے سوڈان میں جنگ کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔