ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی وزارت اسلامی امور کے مطابق خادم حرمین شریفین کی ضیافت میں 90 سے زائد ممالک سے حج کرنے والے 1300افراد سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
سعودی خبررساں کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خادم حرمین الشریفین حج و عمرہ پروگرام کے تحت تمام شاہی مہمان گزشتہ روز سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
وزارت اسلامی امور شاہ سلمان کی ضیافت میں حج پر آنے والوں کے انتظامات کررہی ہے ، خادم حرمین الشریفین کی دعوت پر حج کے لیے آنے13 سو عازمین میں خواتین بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ خادم حرمین شریفین کی میزبانی میں حج پروگرام ہر سال جاری کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے متعدد افراد شاہی مہمان کے طور پر حج ادا کرتے ہیں۔
دوسری جانب دنیا بھر سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے 14 لاکھ 99 ہزار 427 عازمین حج بری، بحری اور فضائی راستوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔