نئی دہلی: (دنیا نیوز) جی 20 سربراہی اجلاس آج سے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہو گا، امریکی صدر جو بائیڈن اور دیگر سربراہان مملکت بھارت پہنچ گئے ہیں۔
جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور بھارتی وزیر اعظم مودی سرمایہ کاری فورم کی میزبانی کریں گے، اس دوران نئی دہلی میں سکیورٹی سخت ہے، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی 15 سے زائد عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جی 20 سربراہی اجلاس: بھارت میں عالمی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ شروع
اجلاس میں غریب ممالک کیلئے قرضوں میں ریلیف، موسمیاتی تبدیلی کیخلاف اقدامات، غذائی تحفظ بڑھانے پر بات ہو گی، سعودی عرب کی امریکا، بھارت اور متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں کے ساتھ ایک انفراسٹرکچر ڈیل کا بھی امکان ہے، جس کے تحت خلیجی اور عرب ممالک ریلوے اور بندر گاہوں کے ذریعے بھارت سے جڑ سکیں گے۔
نئی دہلی میں اجلاس سے قبل تبتی کمیونٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا، سربراہان کے عشائیے میں کھانا سونے اور چاندی کے برتنوں میں پیش کرنے پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کی گئی۔