شمالی کوریا: جوہری صلاحیت کی حامل پہلی آبدوز متعارف

Published On 08 September,2023 12:10 pm

پیانگ یانگ : (ویب ڈیسک ) شمالی کوریا نے جوہری صلاحیت کی حامل پہلی آبدوز متعارف کرا دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آبدوز کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے کہا ہے کہ موجودہ آبدوزوں کو بھی جوہری صلاحیت کی حامل آبدوزوں میں تبدیل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایٹمی ہتھیاروں سے لیس آبدوز شمالی کوریا کی بحریہ میں اپنا جنگی زیر سمندر مشن انجام دے گی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن نے بحریہ کو جوہری ہتھیاروں سے لیس اور زیر آب جہازوں کی منتقلی میں اضافے کو ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق آبدوز نمبر 841 کو شمالی کوریا کی ایک تاریخی شخصیت کے نام پر ہیرو کِم کُن اوک کا نام دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل شمالی کوریا آبدوز کے ذریعے میزائل لانچ کرنے کا کامیاب تجربہ بھی کرچکا ہے ۔