پیانگ یانگ : (ویب ڈیسک ) شمالی کوریا کا فوجی جاسوس سیٹلائٹ سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے پہلا فوجی جاسوس سیٹلائٹ لانچ کرنے کا تجربہ ناکام ہوگیا ہے ۔
راکٹ کو شمالی فیونگان صوبے میں سوہائے سیٹلائٹ لانچنگ گراؤنڈ سے مقامی وقت کے مطابق بدھ (31 مئی) کی صبح چھ بجکر 27 منٹ پر لانچ کیا گیا، تاہم راکٹ ’نارمل‘ پرواز کے دوران پہلے مرحلے کے الگ ہونے کے بعد دوسرے مرحلے کے دوران انجن میں غیر معمولی نقص کے باعث سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔
اس حوالے سے پیانگ یانگ حکام کا کہنا ہے کہ وہ سیٹلائٹ لانچ میں سامنے آنے والے سنگین نقائص کی مکمل چھان بین اور ان پر قابو پانے کے لیے فوری سائنسی اور تکنیکی اقدامات کریں گے اور جلد از جلد دوسری لانچنگ شروع کی جائے گی۔
شمالی کوریا کا جاسوس سیٹلائٹ لانچ کرنے کا یہ چھٹا تجربہ تھا جبکہ پہلا تجربہ 2016 میں کیا گیا تھا۔
شمالی کوریا کے سیٹلائٹ تجربے کے وقت جنوبی کوریا کے دارالحکومت سئیول میں سائرن بجائے گئے جبکہ جاپان میں وارننگ جاری کی گئی تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق پیانگ یانگ کے پاس اس وقت خلا میں کوئی سیٹلائٹ نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ ملک کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن نے اپنی حکومت کے لیے ایک فوجی جاسوس سیٹلائٹ تیار کرنے کو اولین ترجیح بنا رکھا تھا اور وہ ذاتی طور پر لانچ کی تیاریوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
جاپان اور سیئول نے اس لانچنگ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے، جس نے شمالی کوریا پر بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کے کسی بھی تجربے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔