پیانگ یانگ : (ویب ڈیسک ) شمالی کوریا کی جانب سے جوہری صلاحیت کے حامل زیر سمندر حملہ کرنے والے نئے ڈرون کا تجربہ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے ڈرون کو سونامی کا نام دیا گیا ہے جس نے مشرقی ساحل کے قریب ایک غیر جوہری پےلوڈ کو دھماکے سے اڑایا۔
مقامی میڈیا کے مطابق نیا ڈرون کسی بھی ساحل اور بندرگاہ پر تعینات کیا جا سکتا ہے، ڈرون سسٹم کا مقصد بڑی آپریشنل بندرگاہوں کو دھماکے سے ایک بڑی تابکار لہر پیدا کر کے تباہ کرنا ہے۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے دعوؤں کا تجزیہ کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے امریکی اہلکار کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی تجربے کا کوئی اشارہ نہیں ملاہے ۔
خیال رہے کہ جنوبی کوریا اور امریکہ کے درمیان 14 مارچ سے آزادی ڈھال نامی مشقوں کا آغاز ہوا تھا، شمالی کوریا نے ان مشقوں کے جواب میں اس ماہ کے دوران 6 میزائل تجربے کیے ہیں۔
شمالی کوریا نے مذکورہ فوجی مشقوں کو قبضے کی تیاریاں قرار دیا تھا، اگرچہ فوجی مشقیں ختم ہو جائیں گی لیکن امریکہ ، جنوبی کوریا کے ساتھ نئی فوجی مشقوں کے لئے، آئندہ دنوں میں ایئر کرافٹ کیریئر بحری جہاز کو علاقے میں بھیجنے کی تیاریاں کر رہا ہے لہٰذاشمالی کوریا کے میزائل تجربے بھی جاری رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔