سپین کے صدرکا کورونا ٹیسٹ مثبت ، جی 20 اجلاس میں شرکت نہیں کرینگے

Published On 08 September,2023 10:24 am

پرتگال : (ویب ڈیسک ) سپین کے صدر پیڈرو سانچیز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کی وجہ سے اب وہ جی 20 سمٹ میں شرکت کے لیے بھارت نہیں جائیں گے۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ میں بہتر محسوس کر رہا ہوں تاہم کورونا کی وجہ سے بھارت نہیں جا سکوں گا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جی 20 سمٹ میں سپین کے نائب صدر اور وزیرِ خارجہ شرکت کریں گے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اس سے قبل روس کے صدر ویلادیمیر پیوٹن اور چین کے صدر شی جن پنگ بھی جی 20 سمٹ کے لیے بھارت نہ آنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں والے 20 ممالک کی تنظیم جی-20 کا سربراہی اجلاس9  اور 10 ستمبر کو انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہو رہا ہے۔

رواں سال جی ٹوئنٹی کی صدارت کی ذمہ داری بھارت کو سونپی گئی ہے جس میں بڑی معیشتوں کے سربراہان مملکت شرکت کریں گے۔

جی-20 میں امریکہ، روس، چین، انڈیا، ارجنٹینا، آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اندونیشیا، اٹلی، جاپان، جنوبی کوریا، میکسیکو، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ترکی، برطانیہ اور یورپی یونین شامل ہیں۔

جی-20 کا سربراہی اجلاس سال میں ایک بار ہوتا ہے ، اس کی سربراہی باری باری سبھی رکن ممالک کے پاس آتی ہے، آئندہ اجلاس کی سربراہی برازیل کے پاس ہو گی۔