حماس کی عالم اسلام سے جمعے کو اسرائیل کیخلاف 'یوم طوفانِ اقصیٰ' منانے کی اپیل

Published On 10 October,2023 10:48 pm

غزہ: (ویب ڈیسک) فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے جمعے کے روز عوام سے ’یومِ طوفانِ اقصیٰ‘ منانے کی اپیل کر دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس نے اسرائیل کے خلاف حیران کردینے والے ملٹری آپریشن ’’طوفان اقصیٰ‘‘ کی بے مثال کامیابی پر فلسطین سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں سے جمعے کے روز یوم طوفان اقصیٰ منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف یکجہتی کے لیے میدان میں نکلیں۔

حماس نے مطالبہ کیا کہ دنیا بھر کے مسلمان نماز جمعہ کے بعد اللہ کے شکر گزار ہوں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کریں تاکہ عالمی دنیا قابض اسرائیلی فوج کے مظالم سے آگاہ ہو۔

حماس نے بالخصوص مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینیوں سے اپیل کی کہ گھروں سے باہر نکلیں اور اسرائیل کے ناجائز قبضے کے خلاف مزاحمت کریں، قابض فوج کو اپنی سرزمین سے نکال باہر کریں۔