کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں پاکستان اور پولینڈ سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ منائی گئی۔
دونوں ممالک کے 60 سالہ سفارتی تعلقات مکمل ہونے پر وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی کی جانب سےتقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں بطور مہمان خصوصی پولینڈ کے سفیر برائے پاکستان میکج پسارسکی (Maciej Pisarski) نے شرکت کی۔
پولش سفیر میکج پسارسکی نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام میل ملاپ اور وسیع تعلقات کے خواہاں ہیں، تعلیم کے شعبے میں پولینڈ نوجوانوں کو اپنے ملک میں خوش آمدید کہے گا۔
پاکستان میں پولینڈ کے سفیر کا کہنا تھا کہ جدید دور اور جدید ٹیکنالوجی کے سبب ہم مل کر آگے بڑھ سکتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی جانب سے مہمان خصوصی و دیگر مہمانوں کو تحائف پیش کئے گئے۔