اسرائیل میں موجود برطانوی وزیرفلسطینی حملے کا سائرن بجنے پر بھاگ نکلے

Published On 12 October,2023 09:04 am

لندن : (ویب ڈیسک ) حماس کے حیران کن حملے کے بعد اسرائیل سے اظہار ہمدردی کیلئے آنے والے برطانوی وزیرخارجہ جیمز کلیورلی سائرن بجنے پر اپنی جان بچا کر بھاگ نکلے۔

عرب میڈیا کے مطابق برطانوی وزیرخارجہ جیمز کلیورلی دورہ اسرائیل کے موقع پر اپنے ہم منصب کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے کہ اس دوران راکٹ حملے کا سائرن بجنے لگا جسے سن کر فوراً بھاگ کھڑے ہوئے۔

انٹرنیٹ پر ایک وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اسرائیل کے علاقے اوفاکیم میں سائرن بجنے کے بعد برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی ایک عمارت میں پناہ لینے کے لیے بھاگ رہے ہیں۔

حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے پانچویں روز حماس اور تحریک اسلامی جہاد نے بن گوریان ایئرپورٹ پر راکٹ حملے کرنے کا اعلان کیا، اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے کے اطراف آبادی کے مراکز میں سائرن بجا دئیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جیمز کلیورلی بدھ کو اسرائیل اور مغربی کنارے میں دو ریاستی حل کے مقصد سے مذاکرات کو بحال کرنے کی کوشش میں پہنچے تھے۔

برطانوی دفتر خارجہ کے ترجمان کاکہنا ہے کہ وزیر خارجہ نے اسرائیل کے سینئر رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں تاکہ اسرائیل کے حق کے لیے برطانیہ کی حمایت کا اعادہ کیا جاسکے ، انہوں نے برطانیہ اور اسرائیل کے درمیان جاری سیکورٹی، فوجی اور سفارتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ برطانیہ نے اپنے مغربی اتحادیوں کے ساتھ مل کر اسرائیل کی مستقل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے حماس کے حملوں کی مذمت کی ہے۔