غزہ میں20 لاکھ سے زائد افراد بنیادی ضروریات، پانی وبجلی سے محروم ہیں: آئی آرسی آر

Published On 14 October,2023 02:51 pm

جینیوا: (ویب ڈیسک ) انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) نے کہا ہے کہ غزہ میں 20 لاکھ سے زائد افراد بنیادی ضروریات، پانی اور بجلی سے محروم ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق آئی سی آر سی نے ایکس پلیٹ فارم پر پوسٹ میں کہا کہ غزہ میں لاکھوں افراد کے پاس سونے کی جگہ نہیں ہے، 20 لاکھ سے زائدافراد بنیادی ضروریات، پانی اور بجلی سے محروم ہیں اور ایمبولینسز زخمیوں تک نہیں پہنچ سکتیں ، شہریوں کو اس کے اثرات سے بچانے کی ضرورت ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او)کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے کہا ہے کہ انہیں غزہ میں طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک انسانی راہداری کی ضرورت ہے۔

فرانس کے شہر لیون میں اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ راہداری غزہ میں شہریوں کی حفاظت اور مدد کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی اور انہیں خوراک، طبی خدمات اور سامان کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اسرائیل کا غزہ سے فلسطینیوں کے انخلاء کا الٹی میٹم خطرناک ہے: انتونیو گوتریس

دوسری جانب اقوام متحدہ کاکہنا ہے  کہ غزہ کی پٹی میں24 گھنٹوں کے دوران بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 30 فیصد بڑھ کر 338 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے بتایا کہ بے گھر فلسطینیوں کو غزہ کی پٹی میں فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے 92 سکولوں میں آباد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں 2500 بستیوں اور 88 تعلیمی مراکز کو نقصان پہنچا ہے۔

دوسری طرف اسرائیلی وزیر مواصلات نے انکشاف کیا کہ غزہ میں تمام انٹرنیٹ خدمات ہفتے کے روز سے معطل کر دی جائیں گی۔