امریکی ریاست کیرولینا میں ایک گھر سے 5 افراد کی لاشیں برآمد

Published On 27 October,2023 06:26 am

نیویارک: (دنیا نیوز) امریکی ریاست شمالی کیرولینا میں 5 افراد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا، مرنے والوں کی لاشیں ایک گھر سے ملی ہیں۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ تمام افراد کی لاشیں شمالی کیرولینا کے شہر فیٹی ول کے علاقے کلنٹن کے مضافات میں واقع ایک گھر سے برآمد ہوئی ہیں، لاشوں سے متعلق اطلاع مقامی رہائشی شخص نے ہیلپ لائن نمبر پر دی تھی، ہلاک افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک افراد میں ہسپانوی، کالے اور گورے یعنی مختلف نسلوں سے تعلق رکھنے والے 4 مرد اور ایک عورت شامل ہیں، ہلاک شدہ افراد کی عمریں 30 سے 80 سال کے درمیان ہیں، ابھی تک کسی ملزم یا مشکوک شخص کا کھوج نہیں لگ سکا۔

پولیس کو لاشوں کی اطلاع دینے والے شخص کا کہنا ہے کہ گھر واپسی کے دوران گزرتے ہوئے مجھے یہاں کچھ غیر معمولی محسوس ہوا تو خیریت دریافت کرنے کیلئے گھر میں داخل ہو گیا جہاں الگ الگ کمروں میں گولیاں لگی لاشیں بکھری ہوئی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی ریاست مین کے علاقے لیوسٹن میں ایک مسلح شخص کی جانب سے فائرنگ کر کے 22 افراد کو قتل اور 50 سے زائد لوگوں کو زخمی کر دیا گیا تھا۔