غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں جاری اسرائیلی فوج کی سفاکیت میں کوئی کمی نہ آئی، الشفاء ہسپتال ایندھن ، ادویات اور بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق الشفاء ہسپتال میں آکسیجن کی کمی کے باعث 39 بچے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، ہسپتال بند ہونے سے سیکڑوں مریضوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، اسرائیل نے الشفاء ہسپتال پر فاسفورس بم گرائے، اسرائیلی فوج نے غزہ کے تمام ہسپتالوں کا محاصرہ کر رکھا ہے۔
غزہ کے 35 میں سے 21 ہسپتال مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں، اسرائیلی فوج نے العودہ، القدس اور انڈونیشیا ہسپتال کو بھی گھیر رکھا ہے، غزہ کے 72 میں سے 51 ہیلتھ کیئر مراکز بھی مکمل طور پر بند ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ کی صورتحال پر مشترکہ عرب، اسلامی غیر معمولی سربراہ اجلاس، جنگ بندی کا مطالبہ
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج امداد میں ایندھن غزہ پہنچانے کی اجازت نہیں دے رہی، اسرائیلی فوج نے غزہ میں ہسپتالوں اور ہیلتھ مراکز پر 270 سے زائد حملے کئے۔
البراق سکول پر اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 20 سے تجاوز کر گئی، اب تک شہیدوں میں 4506 بچے، 3027 خواتین اور 678 معمر افراد بھی شامل ہیں۔