واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ محسوس ہوتا ہے غزہ میں حماس اور دوسرے فلسطینی گروپوں کے پاس موجود درجنوں یرغمالیوں کی رہائی ہونے والی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ یرغمالیوں کی رہائی کیلئے مذاکرات میں شامل لوگوں سے روز بات ہوتی ہے، یقین ہے کہ رہائی کا عمل شروع ہونے والا ہے لیکن میں تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا۔
خیال رہے کہ امریکہ اور اسرائیل قطر کے ذریعے حماس کے ساتھ ایک ڈیل پر مذاکرات کر رہے ہیں جس کے تحت ممکنہ طور پر 7 اکتوبر کو اغوا ہونے والے 80 کے قریب یرغمالی رہا ہوں گے، بدلے میں اسرائیل 3 سے 5 دن تک عارضی جنگ بندی اور اسرائیل میں قید فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کرنے پر تیار ہوگا۔