غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے المغازی کیمپ پر بمباری میں مزید 23 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 416 فلسطینی اسرائیلی بربریت کی بھینٹ چڑھ گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیت لاہیہ میں اقوام متحدہ کے سکول پر بھی بم برسائے، اسرائیلی فوج نے جبالیہ، خان یونس اور جنین پر بھی حملے کئے، صہیونی فورسز کی مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ: اسرائیلی ظلم انتہا کو چھو گیا، بمباری سے مزید 300 فلسطینی شہید
غزہ میں جارحیت کیخلاف مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں نے مکمل ہڑتال کی، رام اللہ، ہیبرون، مقبوضہ بیت المقدس سمیت متعدد شہروں میں ہڑتال کی گئی، ہڑتال کے باعث مقبوضہ مغربی کنارے میں مارکیٹس، دکانیں، سکول، کالجز، سب بند رہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے 28 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا، 7 اکتوبر کے بعد شہید ہونے والے افراد کی تعداد 18 ہزار 200 ہو گئی۔