اسرائیل عالمی عدالت کے فیصلےکے بعد بھی باز نہیں آئے گا : نیتن یاہو

Published On 14 January,2024 09:46 am

تل ابیب: (ویب ڈیسک ) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے عالمی عدالت کا فیصلہ آنے سے پہلے ہی ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل عالمی عدالت کے کسی فیصلے کے بعد بھی باز نہیں آئےگا، غزہ میں جنگ جاری رکھی جائے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہیگ میں عالمی عدالت انصاف میں غزہ میں ہونے والی اسرائیل کی ’نسل کشی‘ پر جنوبی افریقہ اور اسرائیل کے دلائل سنے گئے، تاہم ابھی عالمی عدالت کو اس مقدمے میں حتمی فیصلہ سنانا باقی ہے۔

عالمی عدالت کے فیصلے سے قبل ہی اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ہے کہ کوئی بھی عدالت یا فوج اسرائیل کو نہیں روک سکتی۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ جنگ کے 100 روز مکمل، اسرائیلی بربریت تھم نہ سکی ، دنیا بھر میں احتجاج

انہوں نے واضح کیا کہ جب تک اسرائیل حماس کو ختم نہیں کردیتی یا شکست نہیں دے دیتی، دنیا کی کوئی عدالت اسرائیل کو اپنے مقاصد حاصل کرنے سے روک نہیں سکتی۔

انہوں نے 13 جنوری کو نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے لبنان، شام، عراق اور ایران کے ساتھ منسلک ’مزاحمت گروپوں‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں کوئی نہیں روک سکتا‘۔

نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ غزہ میں زیادہ تر حماس کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا ہے، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم فتح حاصل کرنے تک جنگ جاری رکھیں گے‘۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 23ہزار 842 ہوگئی ہے جبکہ 60ہزار سے زائد زخمی ہیں جن میں نصف سے زائد خواتین اور بچے شامل ہیں۔