غزہ: (دنیا نیوز) غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کمی نہ آسکی، صیہونی فوج نے رفاہ میں بمباری کر کے بچے سمیت مزید 12 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے فلسطین کے رہائشی علاقے میں بمباری کی جس کے نتیجے میں بچے سمیت 12 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔
اسرائیلی فضائیہ نے خان یونس میں حماس کے 3 جنگجوؤں کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے، مہاجرین کیمپ میں بھی بم برسائے ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیل حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 23 ہزار 910 تک جا پہنچی ہےجن میں 9ہزار 600 بچے اور 6 ہزار 750 خواتین شامل ہیں جبکہ 59 ہزار سے زائد فلسطینی شدید زخمی ہیں۔
دوسری جانب عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی نسل کشی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جنوبی افریقا نے دلائل دیئے کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی منظم طریقے سے نسل کشی کر رہا ہے۔
جنوبی افریقہ نے اسرائیل کو اقوام متحدہ کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے دلائل میں کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں 3 مہینے میں 23 ہزار فلسطینی شہری قتل کئے، غزہ میں امداد روک کر قحط کی صورتحال پیدا کر دی ہے۔
جنوبی افریقا نے عالمی عدالت انصاف سے اسرائیلی حملے فوری رُکوانے کی اپیل کر دی۔